صدر رجب طیب ایردوان نے انقرہ کو دارالحکومت قرار دیے جانے والے دن 13 اکتوبر 1923 کی سالانہ یاد کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔
جنگ ِ نجات کے ہیڈ کوارٹر اور ترکی کے مستقبل و سلامتی کے لیے کیے گئے فیصلوں اور ان کے اطلاق کے مرکز انقرہ کو ترک دارالحکومت قرار دیے جانے کی سالگرہ کی مناسبت سے صدر ِ ترکی نے اپنے پیغام میں کہا ہے :
’’قومی جدوجہد کے دور اور جمہوریہ ترکی کی نشاط کے عمل میں ایک تاریخی کردار ادا کرنے والا شہر انقرہ آج بھی قومی ارادے کے توثیقی مرکز ترک قومی اسمبلی سمیت کلیدی سرکاری اداروں اور تنظیموں کی میزبانی کرتے ہوئے ہمارے وطن کے لیے اپنی اہمیت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انقرہ ، جو ماضی میں ایک چھوٹی سی بستی تھی ، نے جمہوریہ ترکی کی ترقی اور جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آج اپنی صنعت ، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے ساتھ ترکی کا ایک اہم شہر بن گیا ہے اور اپنا نام دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں شامل کروایا۔
اس با وقار و بامعنی دن کے موقع پر میں جمہوریہ ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک سمیت قومی جنگ کے ہیرووں، تمام تر شہدا اور غازیوں کوسلام پیش کرتا ہوں اور انقرہ کو دارالحکومت قرار دیے جانے پر ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘