کو نیا میں انٹرپرینیورئل بزنس مین فاؤنڈیشن اور ترکش یوتھ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "ترک انٹرپرینیورز میٹنگ اور 9ویں انٹرپرینیورشپ ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صدر ایردوان ویڈیو کال کے ذریعے تقریب کے شرکا سے مخاطب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا اور روس اور یوکرین کے درمیان جاری کشیدگی سے دنیا بھر کی معیشت کوبری طرح نقصان پہنچا ہے۔ یہاں تک کہ ترقی یافتہ ممالک کو بھی بے روزگاری سمیت خوارک کے بحران جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لیکن اس سب کے باوجود ترکیہ نے کورونا جیسی وبا کا مقابلہ کیا اور بڑی حد تک ان چیلنجز پر قابو بھی پا لیا ہے۔ ہم اپنے اقتصادی ماڈل کے مثبت اثرات دیکھ رہے ہیں، جو ہر میدان میں سرمایہ کاری، روزگار، پیداوار، برآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے ذریع ترکیہ کی ترقی پر منتج ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ماحول میں جہاں کووڈ-19 کی وبا نے دنیا کی معیشتوں کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا، ہم G-20 میں تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل تھے۔ ہماری شرح نمو گزشتہ سال 11 فیصد اور اس سال کی پہلی ششماہی میں 7.5 فیصد تھی۔ ہماری لیبر فورس میں شرکت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ہم نے روزگار میں 31 ملین کے ہدف کو عبور کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہر ماہ برآمدات میں ایک نیا ریکارڈ توڑ کر اپنے اہداف کی طرف بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم اپنی سرمایہ کاری کو بلاتعطل جاری رکھنے کو بھی بہت اہمیت دیتے ہیں۔ 29 اکتوبر کو اپنی مقامی الیکٹرک کار، TOGG کے کارخانے کا آغاز کرتے ہوئے ، ہم نے اپنی قوم کا ایک اور 60 سالہ خواب پورا کر دیا ہے۔ منگل کو ہم نے دنیا کے آٹھویں سب سے بڑے ڈیم ، یوسف ایلی ڈیم اور ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کا افتتاح بھی کر دیا
ہم ایک ایک کر کے اپنے ترکیہ صدی کے وژن کے ٹھوس منصوبوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اپنے راستے پر گامزن ہیں۔ امید ہے کہ ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک ہم ایک عظیم اور طاقتور ترکیہ نہیں قائم کرلیتے۔ ہم دہشت گردی یا دہشت گرد تنظیم کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لینے والی سامراجی قوتوں کو اپنی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم آپ کے اور نوجوان کاروباری افراد کے تعاون سے 21 ویں صدی کو ترکیہ کی صدی بنا دیں گے۔