افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغانستان پہنچ گئے۔ افغان مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ امریکہ طالبان اور افغان حکومت کے ترکی میں ہونے والے مذاکرات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔
افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی کل رات کابل پہنچے اور افغان حکومت کی طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے والے قومی مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس ماہ استنبول میں ہونے والے مذاکرات سے متعلق پالیسی پر بات چیت کی۔
عبداللہ عبداللہ نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کو افغان حکومت کی ان 25 تجاویز سے متعلق آگاہ کیا جس پر طالبان سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ افغان حکومت کے قومی مصالحتی کمیشن کے 15 ممبرز نے بھی خلیل زاد سے ملاقات کی۔
افغان مصالحتی کمیشن نے بتایا کہ ترکی میں ہونے والی کانفرنس کے لئے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کمیشن کا آخری اجلاس ہفتے کو ہو گا جس کی صدارت افغان صدر اشرف غنی کریں گے۔
گو کہ ابھی تک استنبول میں ہونے والی کانفرنس کی تاریخ سے متعلق معلومات شیئر نہیں کی گئیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں استنبول میں مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نیڈ پرائس نے واشنگٹن میں میڈیا کو بتایا کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ کا تسلسل ہوں گے۔ اب تک فریقین کے درمیان جو بات چیت ہو چکی ہے اسے ترکی میں آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہوں گے جس میں خطے کے بااثر ممالک چین، روس، ایران، پاکستان بھی شامل ہوں گے۔
