وزیراعظم پاکستان شہباز شریف صدر ایردوان کی دعوت پر 3 جون کو انقرہ میں صدر ایردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان 28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب ایردوان کومبارکباد دیں گے۔
وزیر اعظم پاکستان صدر ایردوان کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد، علاقائی و عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوئے ہیں۔ قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتے کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
