Turkiya-Logo-top

پیپلز لبریشن آرمی کی 99ویں سالگرہ کی جی ایچ کیو میں تقریب،فیلڈ مارشل پاکستان اور چینی سفیر کی شرکت

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کی عسکری و سفارتی قیادت نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے چین کی دفاعی ترقی، قومی سلامتی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی فوج نے خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے اہم خدمات انجام دی ہیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر قریبی شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

جیانگ زائی ڈونگ نے دونوں ممالک کے درمیان قائم آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں دفاع، سلامتی، ٹیکنالوجی اور علاقائی استحکام شامل ہیں۔

پیپلز لبریشن آرمی کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

Read Previous

روٹی کا ایک ٹکڑا بھی نہیں ملا، ہزاروں مراکشی تارکین وطن مایوس ہو کر واپس لوٹنے لگے

Read Next

پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹر عاطفہ ارشد کی اسپائیڈر ویب ساڑھی نے اسپائیڈر مین پریمیئر پر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی

Leave a Reply