ترکی میں انفرا اسٹرکچر کے بڑے منصوبوں میں سرکاری و نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ایک علیحدہ دفتر قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ دفتر ترکش پریذیڈنسی کے ماتحت کام کرے گا۔
پریڈینشیل فنانس آفس کے نام سے قائم کئے گئے اس محکمے کا مقصد ترکی میں حکومت کے میگا پروجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینا ہے اور اس کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ محکمہ مختلف یونیورسٹیز اور این جی اوز کے ساتھ مل کر ترکی میں اسلامک فنانسنگ کا شعور بیدار کرے گا تاکہ بڑے منصوبوں کو فنڈنگ کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ محکمہ عالمی مالیاتی مارکیٹ میں ترکی کے اسلامک بونڈز کو متعارف کروائے گا تاکہ مشترکہ سرمایہ کاری کا ماحول بنایا جا سکے۔ بینکوں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک مارکیٹ کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
گذشتہ سال ترکی میں بینکوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے قانون سازی کی گئی تھی۔ حالیہ دو دہائیوں میں دنیا بھر میں اسلامک فنانسنگ تیزی سے بڑھی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان نے عالمی مارکیٹ میں ترکی کی اسلامک فنانسنگ کو متعارف کروانے کی ہدایت جاری کی تھی۔
گذشتہ سال عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ترک حکومت کے مختلف اقدامات سے ترک بینکوں کے اسلامک بینکنگ کے اثاثے دگنے ہو گئے ہیں۔