فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی موقع پر جنیوا میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ترک وزیر توانائی فتح دونمیز نے بھی شرکت کی ۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر کا کہنا تھا کہ فلسطین کا ترک عوام کے دلوں میں ہمیشہ ایک خاص مقام رہا ہے۔ ترکیہ ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے جائز فلسطین کاز کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور خلوص دل سے ہر پلیٹ فارم اور ہر موقع پر اپنی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ترکیہ کی فلسطین کے ساتھ محبت اور جذباتی وابستگی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم کے ساتھ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام خطے کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
فتح دونمیز کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کے لیے یہ ہماری انتہائی مخلصانہ خواہش ہے کہ وہ عالمی برادری میں ایک خودمختار اور مساوی رکن کے طور پر اپنا صحیح مقام حاصل کرے۔ ہم اس سلسلے میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ترکیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر اسرائیل-فلسطین تنازعہ کے مذاکراتی تصفیے کی حمایت کرتا ہے جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دو ریاستیں محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے ساتھ رہیں۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہم فلسطینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید غمزدہ ہیں جن کو مقبوضہ مغربی کنارے میں مظلومانہ قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام فریق کشیدگی کم کرنے اور اس مہلک چکر کو توڑنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے غزہ کے محاصرے کو ختم کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ 1977 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔۔
