turky-urdu-logo

پاکستان کا اقوام متحدہ میں اسرائیل کے قبضے کے خاتمے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ،منیر اکرم نے شام، لبنان اور فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے شام اور لبنان کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق، منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے شام کی علاقائی سالمیت کی بحالی اور ایک جامع حکومتی ڈھانچے کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی دو سالہ مدت کے آغاز پر عالمی تنازعات کے منصفانہ حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے کا عہد کیا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھاکہ، سلامتی کونسل کو اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے شام کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے عبوری انتظامیہ کے مثبت بیانات کا خیر مقدم کیا لیکن عملی اقدامات پر زور دیا۔
شام میں جاری انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئےمنیر اکرم نے کہا کہ، 70 فیصد سے زائد شامی عوام کو امداد کی ضرورت ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی امدادی منصوبے کی مکمل مالی اعانت اور شامی پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی کے لیے بین الاقوامی تعاون کا مطالبہ کیا۔
منیر اکرم نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسرائیل سے ،جنوبی لبنان سے انخلا کے لیے مقرر کردہ 60 دن کی مدت کا احترام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ، غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گی، جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہوگا۔
پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھاکہ، مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شام کی تعمیر نو، دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے، اور ایک جامع حکومتی ڈھانچے کی تشکیل پر زور دیا جو خطے میں استحکام لانے میں معاون ثابت ہو۔

Read Previous

مصر-رفح بارڈر کراسنگ کا دوبارہ آغاز ختمی مراحل میں داخل

Read Next

ترکیہ غزہ جنگ بندی معاہدے کو مستقل بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے گا: حاقان فیدان

Leave a Reply