پاکستان: پنجاب کے گورنر محمد بلیغ الرحمان سے ترک وفد نے ملاقات کی جس میں ڈی جی یورپی یونین اور خارجہ امور، ترک وزارت صحت ڈاکٹر سیلمیٰ کیلیچ اور لاہور میں ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے کے علاوہ دیگر ترک حکام شامل تھے ۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی ،مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
ملاقات میں صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر نے اس دوران کہا کہ مظفر گڑھ میں رجب طیب اہردوان ہسپتال ، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے۔دونوں ممالک کے پاس صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانےکے مواقع ہیں اور ترکیہ کے تعاون سے مزید ہسپتال قائم کیے جا سکتے ہیں۔
گورنر بلیغ الرحمان نے ترک وفد کو بتایا کہ حکومت کاروباری کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک میڈیکا ایکسپو اور بزنس فورم ترکیہ کی جدید ترین ہیلتھ ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔
