پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاوس میں قونصل جنرل کے ہمراہ ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب نبیل اعوان بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل فورمز پر ترکیہ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستانی عوام کے دل آپس میں محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورترکیہ دیرینہ مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کی ترقی سے مزید استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ترکیہ کے ساتھ ویسٹ مینجمنٹ کے کامیاب تجربے کے بعد ترکیہ کی مختلف شعبوں میں مہارتوں سے مزید استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ طیب ایردوان اسپتال جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ تجارت، صحت اور تعلیم کے میدان میں تعاون کومزید وسعت د ینا ہو گی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کا ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔