کراچی میں پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ملجم بحری جہاز سازی منصوبے کے تحت 9 سے 13 نومبر تک کراچی شپ یارڈ میں آٹھواں انتظامی و جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترک دفاعی کمپنی ASFAT کے جنرل منیجر پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ الباش، ڈپٹی جنرل منیجر نیلوفن چوتوک اور نیول پروگرامز کے ڈائریکٹر کیرم اورچون یوکسیک داغ سمیت پاکستان کی وزارتِ دفاع، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیش رفت، جاری سرگرمیوں اور آئندہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ پانچ روزہ اجلاس کے دوران جہازوں کی تعمیر، تکنیکی امور اور منصوبے کے اگلے مراحل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانا اور طے شدہ اہداف پر پیش رفت کو یقینی بنانا تھا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ملجم منصوبے کا معاہدہ جولائی 2018 میں طے پایا تھا۔ اس کے تحت پاک بحریہ کے لیے 4 جدید جنگی بحری جہاز تیار کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کی مرکزی ٹھیکیدار ترکیہ کی سرکاری دفاعی کمپنی ASFAT ہے۔ معاہدے کے مطابق 2 جہاز ترکیہ میں اور 2 کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے ہیں۔
ملجم دراصل ترکیہ کا مقامی جنگی بحری جہاز سازی کا پروگرام ہے، جس کے تحت جدید کارویٹس تیار کیے جاتے ہیں۔ پاکستان کے لیے تیار ہونے والے جہاز بابر کلاس کارویٹس کہلاتے ہیں۔ یہ جدید ریڈار، سینسرز، میزائلوں، فضائی دفاعی اور زیرِ آب خطرات سے نمٹنے کے نظاموں سے لیس ہیں۔ ان میں ترکیہ کا تیار کردہ ADVENT جنگی انتظامی نظام بھی شامل ہے، جو مختلف سینسرز اور دفاعی نظاموں سے حاصل ہونے والی معلومات کو یکجا کرکے آپریشنل فیصلوں میں مدد دیتا ہے۔

منصوبے کے تحت چاروں جہاز لانچ کیے جا چکے ہیں۔ پہلا جہاز پی این ایس بابر اور دوسرا پی این ایس خیبر ترکیہ میں جبکہ پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کراچی میں تیار کیے گئے ہیں۔ پی این ایس بابر اور پی این ایس خیبر پاک بحریہ میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 2 جہازوں کی تکمیل اور آزمائش کے مراحل منصوبے کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔
اس منصوبے کی اہم خصوصیت ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی سطح پر جہاز سازی کی صلاحیت میں اضافہ ہے۔ کراچی میں 2 جنگی جہازوں کی تعمیر سے پاکستانی انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو جدید بحری جہازوں کی تیاری کا عملی تجربہ حاصل ہو رہا ہے۔ اس سے مستقبل میں مقامی دفاعی پیداوار، جہازوں کی دیکھ بھال اور جدید کاری کی صلاحیت کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
ترک دفاعی کمپنی ASFAT کے مطابق دونوں ممالک دفاعی صنعت میں اسٹریٹجک تعاون کے ذریعے اپنی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ کراچی میں ہونے والا آٹھواں جائزہ اجلاس اسی مشترکہ منصوبے کی پیش رفت اور آئندہ اہداف پر مسلسل رابطہ کاری کا حصہ ہے۔
