turky-urdu-logo

پاکستان: ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہو گئی

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب ہونے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائد زخمیوں میں سے متعدد کی حالت بدستور تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

گھوٹکی کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عمر طفیل نے بتایا کہ انجن کے نیچے پھنسی بوگی سے مزید لاشیں نکالی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز نکالی گئی 10 سے 12 لاشیں ان افراد کی تھیں جو بارات کے ساتھ سفر کررہے تھے۔

دوسری جانب ایدھی سینٹر سکھر کے انچارج محمد عرس مگسی اور گل مہر کے مطابق گزشتہ شب ٹرین کے ملبے سے مزید 14 لاشیں نکالیں گئیں تھیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 62 ہوگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے 35 سے زائد میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دی گئی ہیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کا زیادہ تر تعلق کراچی ،لودھراں ،راولپنڈی ،وہاڑی ،اور دیگر علاقوں سے ہے جبکہ کچھ میتیں ورثا کے انتظار میں اوباڑو اسپتال سے رحیم یارخاں ہسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔

میڈیا کے مطابق ترجمان پاکستان ریلوے نے بتایا کہ محکمے کی پالیسی کے تحت حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

دوسری جانب ڈی ایس سکھر طارق لطیف نے بتایا کہ ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، جائے حادثہ سے انجن اور 17 کوچز اٹھالی گئی ہیں جس کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بحال کرکے ٹرین سروس بحال کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ڈی ایس سکھر نے بتایا کہ 29 گھنٹوں کے تعطل کے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے البتہ متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹریننوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق فی الحال اپ ریلوے ٹریک سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینوں کو جائے حادثہ سے گزارا جارہاہے جبکہ ڈاؤن ریلوے ٹریک بھی ایک سے دو گھنٹوں میں بحال کردیا جائے گا۔

 

Read Previous

ترکی میں بچوں کی مذہبی تعلیم و تربیت کے لیے ٹی وی چینل بنانے کا اعلان

Read Next

آذربائیجان کے ریئر ایڈمیرل سبحان باکیورو کی پاکستان چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات

Leave a Reply