turky-urdu-logo

پاکستان: وزیر اعظم شہباز شریف کی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے ازبکستان آمد

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے ازبکستان پہنچ گے ۔ وزیر اعظم  محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر اعظم اس دو روزہ دورے میں ازبکستان ، ایران ، اور روسی صدر سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔

اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ایس سی او تنظیموں کے سربراہان اور دیگر خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈ آف سٹیٹ کونسل کا سب سے اعلیٰ فورم ہے جو تنظیم کی حکمت عملی، مستقبل اور ترجیحات پر غور اور ان کی وضاحت کرتا ہے۔ سی ایچ ایس میں ایس سی او کے رہنما موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سیکیورٹی انرجی سیکیورٹی اور پائیدار سپلائی چین سمیت اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر غور کریں گے۔

اجلاس میں ایسے معاہدوں اور دستاویزات کی بھی منظوری دی جائے گی جو شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کی مستقبل کی سمت کا تعین کریں گے۔ سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم سی ایچ ایس کے سائیڈ لائنز پر دیگر شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا کی ایک اہم بین علاقائی تنظیم ہے۔ 2001 میں قائم ہونے والی ایس سی او شنگھائی اسپرٹ میں درج اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھتی ہے جس میں باہمی اعتماد، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کا حصول شامل ہے۔

مجموعی طور پر ایس سی او کے رکن ممالک دنیا کی تقریباً نصف آبادی اور عالمی اقتصادی پیداوار کا ایک چوتھائی حصہ ہیں۔ امن و استحکام کو فروغ دینے اور اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں بہتر روابط کی تلاش کا ایس سی او کا ایجنڈا، اقتصادی رابطوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے اپنے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ 2017 میں ایس سی او کا مکمل رکن بننے کے بعد سے پاکستان ایس سی او کے مختلف میکانزم میں اپنی شرکت کے ذریعے تنظیم کے بنیادی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

Read Previous

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا سترہ سال کے بعد پاکستان آمد، شائقین پرجوش

Read Next

ترک ریسلر نےپانچویں بار عالمی ریسلنگ چیمپئن کا ٹائٹل جیت لیا

Leave a Reply