Turkiya-Logo-top

پاکستان :پشاورمیں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 30 افراد جاں بحق

پاکستان کے شہر پشاور کے قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

مقامی پولیس کے عہدیدار وحید خان کے حوالے سے بتایا گیا کہ دھماکا مسجد کے اندر نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 30سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 56 زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ پشاور دھماکے کے 30 لاشوں کو ایل ار ایچ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں میں بھی بیشتر شدید زخمی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ کرتے ہوئے اضافی طبی عملے کو بلا یا گیا ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) محمد اعجاز خان نے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار میں شیعہ جامع مسجد میں 2 حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پولیس جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔

عہدیدار کے مطابق پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی اور جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

سی پی پی او نے بتایا کہ پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں اور جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارےاور ریسیکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں، اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انتظامیہ نے قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے۔

Read Previous

روس نے یوکرین کے شہر خرسون کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا

Read Next

اطمینان بخش معاہدے تک پہنچنے کے لیے سعودیہ ایران سے ’تفصیلی بات چیت‘ کا ارادہ رکھتا ہے،سعودی ولی عہد

Leave a Reply