1971 کے بعد پہلی بار پاکستان ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) کے چیئرمین نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے آرمی چیف سے ایک اہم اور تاریخی ملاقات کی، جسے دونوں ممالک کے درمیان فوجی و دفاعی تعاون کی بحالی میں سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلیٰ سطح کی اس ملاقات کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ خطے میں امن، تعاون اور باہمی اعتماد کی مضبوطی کی علامت بھی ہے۔
علاقائی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ جنوبی ایشیا میں اعتماد سازی اور اسٹریٹجک استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جو آنے والے برسوں میں پاک۔بنگلہ دیش تعلقات کو نئی توانائی فراہم کرے گا۔
