Turkiya-Logo-top

پاکستان آرمی نے برطانیہ میں انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا

راولپنڈی: پاکستان آرمی نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کی نمائندگی کرنے والی پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کے تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے۔

پاکستانی دستے نے فرسٹ اوور آل ٹیم ٹرافی، بہترین پیس اسٹکر اور بہترین ڈرائیور کے ایوارڈز حاصل کیے، جو ٹیم کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔

9 رکنی پاکستانی ٹیم کی قیادت میجر حیدر گلزار، ایڈجوٹنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے کی۔ یہ دستہ 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچا تھا اور مقابلے کی تیاریوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔

سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے اس باوقار فوجی مقابلے میں دنیا کے مختلف ممالک کی 16 بین الاقوامی فوجی ٹیموں نے شرکت کی۔ اس مقابلے کو فوجی نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کے اہم امتحان کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی کے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار، بہترین تربیت، غیر معمولی استعداد اور اپنے فرائض سے بھرپور وابستگی کی عکاس ہے۔ عالمی سطح پر ایسے مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں نہ صرف فوجی صلاحیتوں کا اعتراف سمجھی جاتی ہیں بلکہ ملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

Read Previous

مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثہ، شہداء کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت

Read Next

میکسیکو نے ورلڈ کپ اوپنر میں جنوبی افریقہ کو 2-0 سے شکست دے دی

Leave a Reply