turky-urdu-logo

پاکستانی تاجر امریکی جاسوس کو 12 سال قید کی سزا

امریکہ میں ایک پاکستانی نژاد امریکی تاجر کو 12 سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا ہے۔

50 سال عماد زبیری گذشتہ دس سالوں سے امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور امریکی حکومت کے لئے بھی کام کرتے رہے ہیں۔ عماد زبیری کو یہ سزا ٹیکس چوری اور امریکی سیاستدانوں کی انتخابی مہم کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی پر دی گئی ہے۔ عمار زبیری پر غیر ملکی حکومتوں کے لئے کام کرنے کا بھی الزام ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق عماد زبیری امریکی سی آئی اے کا ایک اہم اثاثہ سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے خلاف اب تک جو عدالتی کارروائی ہوئی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ امریکی سی آئی اے کے لئے گذشتہ دس سال سے کام کر رہے تھے۔

عدالت سے سزا پانے والے عماد زبیری امریکہ میں ایک خوشحال زندگی بسر کر رہے تھے۔ انہوں نے سابق امریکی صدور باراک اوبامہ، ڈونلڈ ٹرمپ، ہیلری کلنٹن، موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن اور موجودہ امریکی نائب صدر کمالہ ہیرس کی انتخابی مہم کے لئے چندے اکٹھے کئے۔ امریکی سیاسی جماعت ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے کئی سینئر کانگریس ممبرز کے لئے بھی عماد زبیری چندے اکٹھے کرتے رہے ہیں۔

اکتوبر 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے عماد زبیری کے خلاف جرائم کی ایک چارج شیٹ تیار کی اور اسے عدالت میں پیش کیا۔ عماد زبیری کے وکلا نے سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عماد زبیری کے وکلا کا کہنا ہے کہ وہ امریکی عدالت میں دائر کی جانے والی اپیل میں بتائیں گے کہ ان کے موکل امریکی سی آئی اے کے لئے کتنے اہم ہیں اور انہوں نے کس کس موقع پر امریکی سی آئی اے کی مدد کی۔

کئی ماہرین قانون نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کو بتایا کہ اگر عماد زبیری کے وکلا عدالت کو یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئے کہ ان کا موکل امریکی حکومت اور سی آئی اے کے لئے کتنا اہم ہے اور ان کی فراہم کردہ معلومات سے امریکی حکومت اور سی آئی اے کو کتنا فائدہ پہنچا ہے تو عماد زبیری کی سزا میں کمی ہو سکتی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج ورجینیا فلپس کو ایک خفیہ ڈاکومنٹ فراہم کیا تھا جس میں امریکی سی آئی اے اور مختلف امریکی حکومتوں کے لئے عماد زبیری کی خدمات کی تفصیلات درج تھیں۔

امریکی اخبار کے مطابق خفیہ ایجنسی سی آئی اے عمومی طور پر بعض بااثر شخصیات کو اہم معلومات یا کچھ خفیہ ڈاکومنٹس دوسرے ممالک تک پہنچانے کے لئے استعمال کرتی ہے۔ عماد زبیری بھی انہیں میں سے ایک تھے۔ عماد زبیری نے سزا کے خلاف اپیل کے لئے امریکی سی آئی اے کے دو سابق اہلکاروں کو بھی شامل کیا ہے جو عدالت کو عماد زبیری کی سی آئی اے کے لئے خدمات پر تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

Read Previous

عرب دنیا کی پہلی خاتون خلا باز کا انتخاب

Read Next

ترک افطاری اور سحری کیسے کرتے ہیں؟

Leave a Reply