نمل یونیورسٹی کے طلباء ترکیہ ایکسچینج پروگرام کے تحت ترکیہ کی ڈوزجے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں واقع ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ نمل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور فیکلٹی آف لینگویجز کے ڈین ڈاکٹر جمیل اصغر کے ہمراہ طلباء نے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ترک سفارت خانے کے ایجوکیشن اتاشی مہمت توران بھی موجود تھے ۔ ترک سفیر نے پاکستانی طلبا و طالبات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ترکیہ پاکستانی طلبا کا دوسرا گھر ہے۔ وہ چاہتے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے۔
ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے طلباء کو ان کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
یہ تبادلہ پروگرام نہ صرف طلباء کے لیے بین الاقوامی تعلیمی تجربے کا ایک بہترین موقع ہے، بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
