
95 ویں سالانہ ایوارڈز تقریب لاس اینجلس میں ہوئی، جس میں پہلی بار ملالہ یوسف زئی نے بھی شرکت کی اور ان کے ہمراہ ان کے شوہر عصر ملک بھی ساتھ تھے
ملالہ یوسف زئی کو تقریب میں خوبصورت اور منفرد لباس سمیت ان کی حاضر دماغی کی وجہ سے سوشل میڈیا میں خوب سراہا جا رہا ہے
آسکر کی تقریب میں میزبان جمی کیمل نے ملالہ سے متنازع سوال کیا ۔ جس کی ویڈیوپورے سوشل میڈیا میں وائرل ہے ؟ ویڈیو میں میزبان نے ملالہ یوسف زئی کی انسانی حقوق، خواتین کی خودمختاری اور تعلیم پر کام کی تعریفیں کیں۔
بعد ازاں وہ ان سے سوال کرتے ہیں کہ تقریب میں بیٹھے ایک شخص نے آپ سے پوچھا ہے کہ وہ بتائیں کہ کیا واقعی چند ماہ قبل گلوکارہ ہیری اسٹائل نے اداکار کرس پان پر ایک تقریب میں تھوکا تھا؟
میزبان کے سوال پر تقریب میں بیٹھے افراد مسکرا دیتے ہیں، تاہم ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان کے سوال پر ملالہ یوسف زئی پریشان ہوگئیں اور ان کے چہرہ مرجھا گیا۔
تاہم ملالہ یوسف زئی نے حاضر دماغی سے میزبان کو جواب دیا کہ وہ صرف ’امن‘ کی بات کرتی ہیں، انہیں اس متعلق کچھ معلوم نہیں میزبان جمی کیمل کی جانب سے ملالہ یوسف زئی سے نامناسب سوال کیے جانے پر لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ساتھ ہی ملالہ یوسف زئی کی حاضر دماغی اور اطمینان سے دیے گئے جواب کو بھی خوب سراہا ۔ ملالہ یوسف زئی کے والد نے بھی بیٹی سے نامناسب سوال کیے جانے پر ٹوئٹ کی اور بیٹی کی حاضر دماغی کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اپنی والدہ کی طرح بہادر قرار دیا۔
زیادہ تر لوگوں نے ملالہ یوسف زئی سے نامناسب سوال کیے جانے پر میزبان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں ’بے شرم‘ قرار دیا اور ساتھ ہی آسکر اکیڈمی سے مطالبہ کیا کہ آئندہ انہیں میزبانی نہ دی جائے۔
کچھ صارفین نے سوال کیا کہ میزبان کا سوال کیا واقعی مزاحیہ تھا؟ لوگوں نے سوال کو نامناسب قرار دیا۔