سعودی عرب میں حج سیزن شروع ہوتے ہی مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے لیے تین ہزار سے زائد عمارتوں میں سے حرم کے قریب عمارتوں کے کم سے کم کرائے پر حصول کے لئے مسابقت شروع ہو گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی کمیٹی کی جاری کردہ معلومات کے مطابق مالکان نے عازمین حج کو اپنی عمارتوں میں ٹھہرانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور کمیٹی کی زیر نگرانی مختلف سہولتوں کی فراہمی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
مکہ مکرمہ میں عمارتوں کے علاوہ ہوٹلوں کےاڑھائی لاکھ کمرے اندرون وبیرون ملک سے آنے والے عازمین کے لیے تیار ہیں۔
جہاں حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ساتھ ہی ہوٹل کے ایک، ایک حصے کو جراثیم کش ادویہ کے ذریعے صاف کرنے اور رکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔
مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی کمیٹی نے کہا ہے کہ رہائش کے لیے تیار عمارتوں کے پرمٹ کا اجرا بند کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جو وقت مقرر تھا وہ پورا ہوگیا ہے۔
اب تک جن عمارتوں کے مالکان کو پرمٹ دیے گئے ہیں وہ موثرہیں۔
مزید پرمٹ جاری نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2 سال سے کورونا وبا کے باعث مکہ مکرمہ میں حج پرآنے والوں کے لیے رہائش کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ اس سال پہلی بارعمارتوں پر جگہ جگہ “کرائے کے لئے خالی ہے”کے بورڈ نظر آرہے ہیں۔
