
ترک صدر ایردوان کا کہنا ہے کہ روس یوکرین اناج معاہدے میں 120 دن کی مزید توسیع کر دی گئی ہے۔
ایردوان کا کہنا تھا کہ یہ بات بہت واضح ہے کہ دنیا کو خوارک کےقحط سے بچانے کے لیے یہ معاہدہ کتنی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گو تریس، روسی اور یوکرائنی رہنماؤں کا اس معاہدے میں توسیع پر آمادگی پر شکریہ ادا کیا اور اس میں شامل افراد کو مبارکباد دی۔
قبل ازیں، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوتریس اور ایردوان نے خوراک کے بحران کے خلاف عالمی جنگ میں کلیدی فیصلہ کیا ہے۔
یوکرین کی بنیادی ڈھانچے کی وزارت کا کہنا تھا کہ اناج معاہدے میں توسیع کا فیصلہ ترک صدر ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری انتونیو گوتریس کی موجودگی میں استنبول میں طے پایا۔
صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے افریقی اور ضرورت مند ممالک میں چارج فری اناج بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔
جولائی میں طے پانے والے ابتدائی معاہدے نے یوکرین کی بحیرہ اسود کی متعدد بندرگاہوں سے خوراک اور کھاد کی برآمد کی اجازت دے کر عالمی خوراک کے بحران کو روکنے میں مدد کی ہے جن کی روس نے ناکہ بندی کی تھی۔
ترکیہ ، اقوام متحدہ، روس اور یوکرین نے 22 جولائی کو استنبول میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت یوکرین کے بحیرہ اسود کی تین بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات دوبارہ شروع کی جائیں گی، جو فروری میں روس-یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد روک دی گئی تھیں۔