
دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں.
یہ دن اس وفا کی یاد میں منایا جاتا ہے جہاں پاکستان کے قیام سے قبل ہی کشمیری رہنماؤں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کرلیا تھا۔19جولائی 1947 کو آج ہی کے دن کشمیری قیادت نے پاکستان بننے سے قبل ہی پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔
جولائی 1947 ء کو آبی گزر سری نگر کے مقام پر بانی صدر آزاد جموں وکشمیر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور ہوئی تھی ۔ خواجہ غلام الدین وانی اور عبدالرحیم وانی نے 19 جولائی 1947 کو آل جموں وکشمیرکانفرنس کے ہنگامی اجلاس میں قرارداد الحاق پاکستان پیش کی تھی. یہ قرار داد 59 کشمیری رہنماؤں نے متفقہ طور منظور کی۔
تاہم جب انگریزوں نے برصغیر کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا تو جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت پاکستان کے ساتھ الحاق کرنا چاہتی تھی۔ اس کے ہندو مہاراجہ ہری سنگھ نے عوامی جذبات اور مرضی کے خلاف بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کرلیا۔
وہ دن اور آج کا دن کشمیری مسلسل اس مقصد کے حصول کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔دوسری جانب سرینگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر حصوں میں یوم الحاق پاکستان کے پوسٹرزچسپاں کئے گئے ہیں۔
آج یوم الحاق کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوسری طرف آج ہی کے دن بھارتی قابض فوجیوں نے سرینگر میں دو کشمیریوں کو شہید کردیا ہے ۔