turky-urdu-logo

انقرہ: یوم یکجہتی کشمیر,پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام

ترکیہ میں سفارتخانہ  پاکستان کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں  ترک پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دریا یانک ، انقرہ کے ڈپٹی گورنر بیکر یلماز، تھنک  ٹینک SDE کے صدر گورائے آلپر  اور دیگر ممتاز ترک شخصیات، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے تقریب کا اغاز کیا گیا۔

سفیر پاکستان

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر  میں جبر اور ظلم و ستم  گزشتہ 75 سال سے جاری ہے۔  کشمیر اور فلسطین  ایسے  مسئلے ہیں جن کو اس تیزی سے ترقی کرتی  دنیا میں اب تک حل نہیں کیا جا سکا جو  نہایت ہی افسوس کی بات ہے۔

انہوں نےاس موقع پر تمام بین الا اقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کرنے پر  حکومتِ ترکیہ اور صدر ایردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  صدر ایردوان کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے پوری طرح آگاہ ہیں  اور وہ ہمیشہ عالمی برادری سے اس مسلے کو حل کرنے  پر زور دیتے چلے آرہے ہیں ۔

انکا کہنا تھا کہ  ہم مسئلہ کشمیر سے متعلق  ترک عوام  کی حمایت  کوکبھی  بھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری ایسے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں وہ انسانی حقوق سے محروم ہیں۔

چیئر پرسن ترک پارلیمنٹ  تحقیقاتی کمیشن 

ترک پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دیر یانک نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کی حمایت بین الاقوامی قانون اور ضمیر کا تقاضا ہے۔ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور آگے بھی ہمیشہ ایسے ہی کرتا رہے گا۔

غیر قانونی طور پر بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر  میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔

عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری  انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی روک تھام اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے  کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اقوام متحدہ  کی حقِ خود ارادیت سے  متعلق   قراردادوں پر عمل درآمد کرنے سے گریزکررہا ہے ۔ دنیا میں  کوئی بھی مسئلہ حل ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا اور ایک دن  چاہے دیر ہی سے سہی اس مسئلے کو  بھی ضرور حل کرلیا جائے گا۔

صدر تھنک ٹینک 

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تھنک ٹینک کے صدر  جنرل ریٹائڑڈ گورائے آ لپر نے   انسانی حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ  انسانی حقوق عالمگیر ہیں اور کشمیری دیگر تمام لوگوں کی طرح بنیادی انسانی حق خودارادیت کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں  انسانی حقوق کی صورت بڑی سنگین ہے  اور بھارت کو   کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

تقریب کے موقع پر یوم کشمیر  سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

سفیر پاکستان کی رہائش گاہ  کے باہر یومِ یکجہتی کشمیر کی یاد میں شجر کاری بھی کی گئی۔

Read Previous

ترک پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے وفدکا شمالی قبرص میں ماراس کا دورہ

Read Next

ترکیہ:سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام 6 فروری کو ترکیہ میں آنے والے زلزلے کی یاد میں تقریب

Leave a Reply