
رپورٹ: شبانہ ایاز
استنبول ہوائی اڈے پر باضابطہ طور پر ایک نئے فضائی سسٹم کا آغاز ہوچکا ہے۔ یہ فضائی نظام امریکہ کے بعد ترکیہ میں پہلا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالو اولو نے اپنے بیان میں کہا کہ، ہم استنبول ایئرپورٹ پر 3 ٹریک رن وے کو باضابطہ طور پر شروع کررہے ہیں۔ یہ نہ صرف ترکیہ، بلکہ یورپی ہوابازی کے لیے پہلا اور عالمی ہوا بازی کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ، امریکہ کے بعد ترکیہ واحد ملک ہے جس نے اس میدان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ مسافروں کو تیز تر اور محفوظ نقل و حمل فراہم کرے گا اور عالمی میدان میں زیادہ اہم کردار ادا کرے گا۔ترکیہ نے 2002 میں یہ تعداد تقریبا34.5 ملین سے بڑھا کر 2024 میں 230 ملین سے زیادہ کر دی ہے۔ اس سال ہمارا ہدف 240 ملین سے تجاوز کرنا ہے۔

عبدالقادر کا کہنا تھا کہ، استنبول ایئرپورٹ،جس نے 2019 میں 52 ملین سے زیادہ مسافروں کی میزبانی کی، 2023 میں 76 ملین مسافروں کی خدمت کی۔ 2024 میں، استنبول ہوائی اڈے نے 80.1 ملین مسافروں کی میزبانی کی، جو یورپ میں دوسرے اور دنیا میں 7 ویں نمبر پر ہے۔ کارگو اور مال کی نقل و حمل میں، یہ 2024 میں 1.97 ملین ٹن کارگو لے کر یورپ میں سرفہرست رہا، اور فرینکفرٹ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔

انہوں نت بتایاکہ، ترکیہ نے 2002 میں فعال ہوائی اڈوں کی تعداد 26 سے بڑھا کر Çukurova ہوائی اڈے کے ساتھ 58 کر دی ہے۔پہلے ترکیہ بین الاقوامی روٹس پر 50 ممالک میں سے صرف 60 مقامات کے لیے پرواز کر سکتا تھا اب 132 ممالک میں 353 مقامات کے لیے پرواز کر سکتا ہے۔ ترکیہ نے 2022 کو اس پراجیکٹ کی بنیاد رکھی۔ ہر مرحلے کو پیچیدہ منصوبہ بندی کے ساتھ نافذ کیا اور بیک وقت ٹرپل رن وے آپریشنز کو لاگو کرنے کے لیے ایک جامع ورک شروع کیا۔ یہ پراجیکٹ دسمبر 2024 میں مکمل کر لیا گیا تھا۔