Turkiya-Logo-top

اسرائیل جنگ بندی سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، اسے روکنا عالمی برادری کی اولین ترجیح ہونی چاہیے: حاقان فیدان

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے مشیر برائے خارجہ امور خلیل الرحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت دو ریاستی حل کو روکنے کے لیے پورے خطے کو جنگ کے میدان میں تبدیل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری حملے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی مسلسل غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ نے لبنان میں اسرائیلی حملوں اور قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کشیدگی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا استحکام کی راہ ہموار کریں گے۔

حاقان فیدان نے جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ان اقدامات کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو جاری سفارتی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔

اس موقع پر ترکیہ اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ تجارت کو 1.3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

روہنگیا بحران پر گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک ملین سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کی میزبانی کرکے بنگلہ دیش انسانیت کی عظیم خدمت انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کریں گے اور وہاں ترک اداروں کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

فیدان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ روہنگیا مسلمانوں کی امداد اور ان کی محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت وطن واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Read Previous

ترکیہ اور نائجر کے تعلقات میں نیا باب، انقرہ میں اہم معاہدوں پر دستخط

Read Next

پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات پر بھارتی بیانات کو مسترد کر دیا

Leave a Reply