turky-urdu-logo

اسرائیل کے ایران کی فوجی تنصیبات پر حملے

اسرائیل نے حالیہ میزائل حملے کے جواب میں ایران کے مختلف فوجی اہداف پر فضائی حملے کیے، جن میں میزائل بنانے کی فیکٹریاں اور فضائی دفاعی نظام شامل تھے۔ ایران نے ان حملوں کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے کئی میزائلوں کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ ایران نے اس حوالے سے اپنی فضائی دفاعی کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں۔

حملے کی پیشگی اطلاعات پہلے سے گردش میں تھیں، امریکی صدر جو بائیڈن نے برلن میں اپنے دورے کے دوران اسرائیل کی ممکنہ کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل ایران کے خلاف جوابی کارروائی کا منصوبہ بنا رہا ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔ اسرائیلی چینل 14 نے بھی چند دن پہلے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیل ایران کے نیوکلیئر پاور پلانٹس اور اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ حزب اللہ کے ڈرون حملے کے جواب میں اسرائیل ایرانی حکام کو نشانہ بنا سکتا ہے، اور اس میں فائٹر جیٹ طیارے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

تہران کی سرکاری نیوز ایجنسی فارس کے مطابق، تہران، شیراز، اور کرج کے علاقوں میں بھاری دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تہران کی ایک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جسے ریسکیو ٹیموں نے بروقت قابو میں کر لیا۔ تاہم، کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ایران کے انٹیلی جنس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دمشق کے دیہاتی علاقوں میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں، ممکن ہے یہ ایران کے فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کی وجہ سے ہوں۔

نیوز چینلز این بی سی اور اے بی سی کے مطابق ان حملوں سے ایران کے انرجی انفراسٹرکچر یا نیوکلیئر پاور پلانٹس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ فارس نیوز کے مطابق ایرانی فوجی تنصیبات کو جزوی نقصان ضرور ہوا، لیکن اسلامی انقلاب محافظ کارپس کی تنصیبات محفوظ رہیں۔

امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھماکے کی افواہوں کی بھی تردید کی گئی، ایئرپورٹ کے سی ای او نے کہا کہ ہوائی اڈے سے پروازیں معمول کے مطابق روانہ ہوں گی۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور خطے میں جاری تنازعے پر عالمی برادری تشویش میں مبتلا ہے، ان حالیہ واقعات نے خطے میں مزید عدم استحکام کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

Read Previous

فلسطین کے خلاف تاریخی نا انصافی ہو رہی ہے، ولادیمیر پیوٹن

Read Next

ترکیہ کی اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت، فوری عالمی ردعمل کا مطالبہ

Leave a Reply