ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیل کے قبضے اور نسل کشی کے خلاف جدوجہد میں فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوں۔
آئیوری کوسٹ میں منعقدہ او آئی سی کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (پی یو آئی سی) کی 18 ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ میں اس بات کا اظہار کرنا چاہوں گا کہ اسلامی دنیا کو آنے والے وقت میں فلسطین کے لیے ایک انتہائی شدید جدوجہد کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا "نمبر ایک مسئلہ” اور انسانیت کا "سب سے بنیادی مسئلہ” ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت کو بین الاقوامی نظام میں تنہا کرنے اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کے حصول کے لیے فلسطینی کاز کے لیے جدوجہد کو تیز کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں۔ ہم کچھ معاملات پر اختلاف کر سکتے ہیں۔ لیکن ہمارے عمومی موقف کے لحاظ سے، ہمیں اتحاد میں رہنے اور مسلم کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے بنیادی مسائل پر ایک ہونے کے سخت ضرورت ہے۔
