پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ازبکستان ٹورازم ڈیز کے سلسلے میں ازبک ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سینٹورس مال میں شاندار فلیش موب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ازبک فنکاروں نے روایتی رقص، قومی نغموں اور ثقافتی موسیقی کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا۔
تقریب میں ازبک فنکاروں نے ازبکستان کے مشہور روایتی ’لزگی‘‘ رقص سمیت مختلف ثقافتی پرفارمنسز پیش کیں۔ لزگی رقص کی دھن پر پاکستانی شہری بھی ازبک فنکاروں کے ساتھ رقص میں شریک ہوگئے، جس سے تقریب میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی قربت اور دوستی کا خوبصورت اظہار دیکھنے میں آیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل لزگی رقص نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ سینکڑوں افراد نے فلیش موب میں شرکت کی اور ازبکستان کی روایتی موسیقی، رقص اور ثقافتی رنگوں سے لطف اندوز ہوئے۔

تقریب میں سفارتی نمائندوں، صحافیوں، بلاگرز، سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد اور اسلام آباد کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے ازبک فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی روابط کی خوبصورت مثال قرار دیا۔
ازبکستان ٹورازم ڈیز کی ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ اسلام آباد کے بلند مقام پر واقع موون پک ہوٹل میں بھی جاری رہا، جہاں شہر کے دلکش نظاروں کے درمیان ازبک موسیقی اور روایتی دھنیں پیش کی گئیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
اس موقع پر شرکا کو ازبکستان کی ثقافت، موسیقی اور روایتی فنون سے مزید قریب سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔ مختلف ثقافتی سرگرمیوں نے تقریب کو ایک منفرد رنگ دیا اور دارالحکومت میں ازبکستان کی سیاحت اور ثقافت کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
