Turkiya-Logo-top

ماسکو میں بین الاقوامی مشاعرہ، علامہ اقبال کے فلسفے اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین

روس کے دارالحکومت ماسکو میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر بین الاقوامی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارت کاروں، دانشوروں، شعرا اور روسی طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب میں علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، انسان دوستی اور فکری بیداری کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی وائس ریکٹر پروفیسر ویرا زابوتکینا نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی زندگی انسانی وجود اور مقصدِ حیات کو سمجھنے میں گزاری۔ ان کے مطابق اقبال کے نزدیک حقیقی ترقی کے لیے علمی اور فکری ارتقا کے ساتھ اخلاقی قوت بھی ضروری ہے۔ ان کا پیغام آج بھی مختلف تہذیبوں کے نوجوانوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے علامہ اقبال کو عظیم مفکر اور دوراندیش شاعر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری اور فکر کسی ایک زبان یا خطے تک محدود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارسی زبان میں اقبال کی تصانیف نے ان کے پیغام کو دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے 1933 میں علامہ اقبال کے دورۂ کابل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کابل یونیورسٹی کی ترقی کے لیے بھی مشاورت فراہم کی تھی۔ انہوں نے اقبال کے اس تصور کا ذکر بھی کیا کہ افغانستان ایشیا کا دل ہے اور وہاں امن پورے خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اس موقع پر فیصل نیاز ترمذی نے علامہ اقبال کی مشہور نظم ’مسجدِ قرطبہ‘ کے اشعار بھی پیش کیے۔

تقریب میں علامہ اقبال کے پوتے میاں اقبال صلاح الدین نے بھی نظم ’مسجدِ قرطبہ‘ کے اشعار سنائے اور اقبال کے تصورِ انقلاب کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے نزدیک انقلاب محض سیاسی تبدیلی نہیں بلکہ فکری بیداری، اخلاقی جرأت اور مسلسل ترقی کا نام ہے۔

انہوں نے اقبال کے یہ اشعار بھی سنائے:

جس میں نہ ہو انقلاب، موت ہے وہ زندگی
روحِ اُمم کی حیات کشمکشِ انقلاب

ڈاکٹر خرم الٰہی نے علامہ اقبال کی فارسی تصنیف ’جاوید نامہ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں اقبال نے ایک تخیلاتی کائناتی سفر کے ذریعے انسانی ترقی، علم اور تہذیب کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق اقبال کا تصور انسان کو فکری حدود سے آگے بڑھنے کا درس دیتا ہے۔

علامہ اقبال کے ایک اور پوتے پروفیسر ولید اقبال نے اپنے خطاب میں اقبال کے تصورِ قومیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال قوم کو ایک جسم اور اس کے افراد کو اس کے اعضا سے تشبیہ دیتے تھے، جبکہ شاعر کو قوم کی بینا آنکھ قرار دیتے تھے۔

پروفیسر ولید اقبال نے علامہ اقبال کی زندگی کے آخری لمحات اور انسانیت کے لیے ان کی دعا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی فکر خاندان اور قوم کی حدود سے آگے پوری انسانیت کے لیے محبت اور احترام کا پیغام دیتی ہے۔

تقریب میں دیگر مقررین نے بھی اقبال کے فلسفۂ خودی، خود اعتمادی اور اخلاقی اقدار کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔

اختتام پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے روسی طلبہ کی خصوصی طور پر تعریف کی، جنہوں نے اردو زبان میں علامہ اقبال کا کلام پیش کیا۔ انہوں نے طلبہ کو اقبال کے شاہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ روس میں بھی اقبال کو محبت اور احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔

تقریب میں علامہ اقبال کے خاندان کے افراد، پاکستانی دانشوروں اور روسی طلبہ کی شرکت نے پاکستان اور روس کے درمیان ادبی و ثقافتی روابط کو بھی اجاگر کیا۔

Read Previous

اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور ترک

Leave a Reply