turky-urdu-logo

ترک پاک دفاع ناقابل تسخیر بن کر رہے گا: ترک صدر ایردوان اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا اعلان

ترک پاک دفاعی تعلقات اور مضبوط ہوگئے۔پاک بحریہ کے لیے پی این ایس خیبر تیار کر لیا گیا، ترک صدر ایردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مشترکہ طور پر کارویٹ کا افتتاح کیا۔

ملجیم کارویٹ خیبر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ یہ ترکیہ اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی طرح دونوں برادر ممالک آنے والے دنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ترکیہ میں میزبانی کرکے ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ میلجیم کارویٹ پاکستان کے ساتھ دفاعی صنعت کے شعبے میں ہمارے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتا ہے۔
میں اپنی اور اپنی قوم کی طرف سے ہر اس شخص کو مبارک دینا چاہوں گا جس نے اس منصوبے کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کیا۔

ترک قوم کے دل میں پاکستان کے لیے ہمیشہ ایک خاص مقام رہا ہے۔دونوں ملکوں نے اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ بھی منائی ہے۔

ترکیہ اور پاکستان ہر مشکل اور مسئلے میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دوسرے گھر کا دورہ کرتے ہوئے مجھے بڑی خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے لیے آج ایک اور عظیم دن ہے، ہم پاک بحریہ کے لیے تیسرے میلجم کارویٹ خیبر کا افتتاح کر رہے ہیں، یہ موقع ہمیں 1920 میں لے گیا جب ترکیہ میں ہمارے بھائی اور بہن آزادی کی جنگ لڑ رہے تھے، برصغیر کے مسلمان ان کے حق میں مہم چلا رہے تھے اور ترک بہن بھائیوں کے لیے عطیات جمع کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ہمارے تعلقات کی تاریخ مضبوط ہوتی گئی ہے، اپنے ترک بہن بھائیوں کے لیے جو بھی ہمدردانہ تعاون کیا گیا اس کو نہ صرف یاد رکھا گیا بلکہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا، ترکیہ زلزلے اور سیلاب کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور ترکیہ عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دینے سے کبھی ہچکچایا نہیں۔

Read Previous

میلجیم کارویٹ خیبر: ترکیہ پاکستان دوستی کا سنگِ میل

Read Next

ترکیہ، پاکستان اور آذبائیجان کے ساتھ سہ فریقی تعاون کو تیزی سے فروغ دے رہا ہے، صدر ایردوان

Leave a Reply