پاکستان کو جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران گزشتہ برس آنے والے تباہ کن سیلاب سے بحالی کے لیے عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے 9 ارب ڈالر سے زائد امداد کا اعلان کردیا گیا جو پاکستان کی درخواست سے ایک ارب زیادہ ہے۔
عالمی برادری کی جانب سے امداد کا اعلان جنیوا میں منعقدہ ’انٹرنیشنل کانفرنس آن کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان‘ کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس کی میزبانی وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس مشترکہ طور پر کر رہے تھے۔
ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی بحالی اور انفرااسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے امداد کا حصول تھا، جہاں دنیا بھر کے کئی سربراہان مملکت اور نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عالمی شراکت داروں سے ملک میں ہونے والی تباہی کے بعد اگلے تین سال کے دوران تعمیر نو کے لیے 8 ارب ڈالر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی سیلاب سے متاثرہ ملک میں بحالی کی کوششوں کے لیے بڑے پیمانے پر امداد دینے کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس کے شرکا نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر کروڑوں ڈالر دینے کا وعدہ کیا اور یہاں تک اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی اعلانات کیے گئے۔
اجلاس کے اختتام پر جاری دستاویز میں بتایا گیا کہ وفود نے فوری طور پر امدادی کوششوں اور بحالی، تعمیرنو کے لیے پاکستان کے عوام کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ وفود نے اظہار یک جہتی کیا اور بحالی منصوبے میں بتائے گئے ترجیحی علاقوں اور مقاصد کا اعتراف کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان کیا۔
مزید بتایا گیا کہ ’وعدوں کے مطابق مجموعی رقم 9 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جس میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی شراکت دار دونوں شامل ہیں، مزید وفود نے مختلف پہلووں سے امداد کا اعلان کیا‘۔
کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اعلانات کی رقم مجموعی طور پر ’9 ارب ڈالر سے زائد‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آج کا دن واقعی میں ایک بڑی امید کا دن تھا، دنیا کی طرف سے پیغام واضح ہے، دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہوگی جو کسی بھی قدرتی آفت کا شکار ہیں اور انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا‘۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو سے متعلق جنیوا کانفرنس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، عالمی برادری نے پاکستان کے لیے 8 ارب 57 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو سے متعلق جنیوا کانفرنس کے پہلے مرحلے میں یورپی یونین نے 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، جرمنی نے 8 کروڑ 8 لاکھ ڈالر، چین نے 10 کروڑ ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک نے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک نے 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان نے 7 کروڑ 70 لاکھ، ایشائی ترقیاتی بینک نے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر، یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ ڈالر اور فرانس نے 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا وعدہ کیا ہے جبکہ جنیوا کانفرنس کا دوسرا سیشن جلد شروع ہونے جارہا ہے۔
