Turkiya-Logo-top

"جیل سے زندہ رہا ہونے کی ضمانت نہیں”، عمران خان کا اعلیٰ عدلیہ کے نام خط، اپنی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر خدشات

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم پاکستان اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے نام 4 صفحات پر مشتمل کھلا خط لکھا ہے۔ 16 نومبر کو تحریر کیے گئے خط میں انہوں نے فوری طبی سہولیات اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔

یہ خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے سامنے آیا ہے جنہوں نے 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تقریباً 3 گھنٹے ملاقات کی تھی۔ وکیل کے مطابق خط عمران خان کی ہدایات پر لکھا گیا۔

عمران خان نے خط میں کہا ہےکہ توشہ خانہ ٹو کیس کے فیصلے کے بعد سے انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتیں محدود ہیں، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی نہیں اور بیرونی دنیا سے رابطہ تقریباً منقطع ہے۔ انہوں نے رواں سال وکلا سے صرف 4 ملاقاتوں، بیٹوں سے فون پر رابطے کی اجازت نہ ملنے اور بہنوں سے ملاقات نہ کرا سکنے کی شکایت بھی کی۔

انہوں نے اپنی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی متاثر ہونے اور 10 نومبر کو بلڈ پریشر 192 سے 193 تک پہنچنے کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق جیل کے میڈیکل بورڈ نے اہلِ خانہ سے زیادہ رابطے اور دیگر سہولیات کی سفارش کی، لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ اپریل 2026 میں آنکھ کی سرجری کے باوجود ان کی بینائی مزید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق 11 نومبر کی ملاقات میں وہ روشنی برداشت کرنے اور آنکھیں کھولنے سے بھی قاصر تھیں۔ عمران خان نے مستقل بینائی ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ بشریٰ بی بی نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی ریکارڈ، خصوصی اسپتال منتقلی اور اپنی پسند کے ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

خط میں عمران خان نے سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کا حوالہ دیا، جس میں انہیں 2 روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں کی ہدایت دی گئی تھی۔ ان کے مطابق ہفتے میں 2 بار ملاقات اور بیٹوں سے فون پر رابطے کا حکم بھی نافذ نہیں ہوا۔ انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس میں اپیل کو ترجیح دینے پر اعتراض کرتے ہوئے صحت سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

عمران خان نے خط میں واضح کیا کہ وہ کسی خصوصی رعایت کے بجائے اپنے اور اہلیہ کے لیے مناسب علاج اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بروقت طبی سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو ان کی صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ خط کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ان کا زندہ رہنا ضروری ہے اور انہیں بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف ملنا چاہیے۔

Read Previous

ہم ایک پُرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں : وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار

Read Next

ای سی او کے وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس، 2035 تک علاقائی تعاون کا لائحہ عمل منظور

Leave a Reply