پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج کے مطابق, وفاقی وزیر چوہدری سالک اور سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج رواں سال مقدس فریضہ ادا کریں گے۔
معاہدے کے مطابق، پاکستانی زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ، حج کو آسان اور پر سکون بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت منیٰ میں پاکستانی حجاج کے لیے خصوصی جگہ مختص کی جائے گی اور اخراجات میں بھی کمی کی جائے گی۔
مزید سہولیات کے طور پر عازمین کو مدینہ منورہ میں 4 سے 8 دن قیام کے انتخاب کا موقع دیا جائے گا۔ ہر حاجی کو ایک خصوصی بیگ فراہم کیا جائے گا ،جس پر پاکستانی پرچم اور کیو آر کوڈ کے ذریعے ان کی شناخت درج ہوگی۔
سعودی وزارت حج کے مطابق، زائرین کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جہاں حج سے متعلق تمام معلومات با آسانی دستیاب ہوں گی۔
