فیفا ورلڈ کپ 2026 نے شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ فیفا کے مطابق 16 جون کو کھیلے گئے چار میچوں میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 تماشائی اسٹیڈیم پہنچے، جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ہی دن میں سب سے زیادہ شائقین کی آمد کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا۔
اس سے قبل ایک روز میں سب سے زیادہ حاضری کا ریکارڈ 1994 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران قائم ہوا تھا، جب امریکا میں ہونے والے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین نے شرکت کی تھی۔ یوں 2026 کے ٹورنامنٹ نے 32 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
فیفا کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس اور سینیگال کے درمیان ہونے والے میچ میں 80 ہزار 545 شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، جبکہ ارجنٹائن اور الجزائر کے مقابلے کو 69 ہزار 45 تماشائیوں نے دیکھا۔ اسی طرح آسٹریا اور اردن کے میچ میں 68 ہزار 527 جبکہ عراق اور ناروے کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں 63 ہزار 106 افراد اسٹیڈیم پہنچے۔ ان چاروں میچز کی مجموعی حاضری نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

فیفا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی چھ دنوں میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین میچز دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 رہی ہے۔ موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 1994 کے ورلڈ کپ میں قائم مجموعی 35 لاکھ شائقین کی حاضری کا تاریخی ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اس موقع پر کہا کہ 16 جون 2026 ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک یادگار دن ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے شائقین نے ٹورنامنٹ کو رنگ، جوش اور ولولے سے بھر دیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اور اس کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
فیفا کا مزید کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 مجموعی حاضری کے نئے تاریخی ریکارڈ کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور اگر شائقین کی یہی دلچسپی برقرار رہی تو یہ ایڈیشن تماشائیوں کی تعداد کے لحاظ سے تاریخ کا سب سے کامیاب ورلڈ کپ بن سکتا ہے۔
