turky-urdu-logo

فیفا ورلڈ کپ 2022، سعودی عرب کی تاریخی فتح، ملک میں عام تعطیل

منگل کو فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔فیفا کی عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی ٹیم نے عالمی نمبر 3 ارجنٹائن کو ورلڈکپ میں 2 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
قطر کے شہر لوسیل میں کھیلےگئے میچ میں 2 بارکے عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی جانب سے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 10 ویں منٹ میں پنالٹی پرگول کیا۔سعودی عرب کی جانب سے 48 ویں منٹ میں صالح شہیری نے سکور برابر کیا، سعودی عرب کے سلیم الدوسری نے 53 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ٹیم کو برتری دلوادی جو کہ میچ کے آخر تک برقرار رہی۔


سعودی عرب کی ٹیم نے ورلڈکپ کے آغاز میں ہی نہ صرف اپنے ملک بلکہ تمام برادر اسلامی ممالک میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ قطر کے امیر بھی سعودی ولی عہد کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ اور سعودی عرب کی جیت پر انہوں نےسعودی پرچم لہرا دیا۔


جبکہ سعودی ولی عہد نے سجدۂ شکر ادا کیا۔ سعودی فٹ بالرز بھی میچ جیتنے کی خوشی میں سجدہ ریز ہو گئے

 

 

میچ کے بعد سعودی عرب میں جشن کا سماں بن گیا ۔ مداح قومی پرچم لیے سٹرکوں پر نکل آئے ۔ اور جیت کی خوشی کا جشن منایا ۔ ایک مداح تو میچ جیتنے کے بعد اپنی خوشی پرقابو ہی نہ پا سکے اور خوشی میں اپنے گھر کا دروازہ ہی توڑ دیا جس کی ویڈیو پورے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ۔ آج سعودی عرب میں تمام نجی اور سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب میچ کی جیت پر پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی بھائیوں کی خوشی میں برابر کا شریک ہے ۔

اس جیت کے ساتھ سعودی عرب نے ایک اہم اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب پہلا عرب اور ایشیائی ملک ہے جس نے ورلڈکپ میں ارجنٹائن کو شکست دی ہے

Read Previous

ہم بہت جلدتمام دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ، صدر ایردوان

Read Next

آذربائیجان میں پاکستانی سفیر کی آذربائیجان کے وزیر انصاف سے ملاقات

Leave a Reply