
فٹبال کا سب سے بڑا عالمی میلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز قطر میں رنگا رنگ تقریب سے ہو گیا۔
ورلڈ کپ کی آمد پر قطر روشنیوں سے جگمگا اٹھا ، شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔
قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب ہوئی
فیفا ورلڈ کپ کی 92 سالہ تاریخ میں پہلی بار ، افتتاحی تقریب کا آغاز قطر میں حفاظ کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
ان تاریخی مناظر کو دنیا بھر کے اربوں لوگوں نے اپنی آنکھوں میں محفوظ کر لیا۔
افتتاحی تقریب میں عربی ثقافت کے رنگ بھی پیش کیےگئے۔افتتاحی تقریب کے باقاعدہ آغاز میں سمندر کے اندر، وہیل اور شارک مچھلیوں کو تیرتے دکھایا گیا، تقریب کے آغاز پر اُونٹ اور فنکار وں نے رقص کیا۔
افتتاحی تقریب میں معروف ہالی وڈ اداکار مورگن فری مین نے امید، اتحاد اور برداشت کا پیغام دیا۔
ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ بھی فنکاروں نے پرفارمنس پیش کی، پھر ورلڈ کپ فٹ بال کا آفیشل میسکوٹ میدان میں لایا گیا
تقریب میں رقص اور موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فرانس کے1998 ورلڈکپ ونر ٹیم کےرکن مارسے ڈیسیلے نے فیفا ٹرافی کی رونمائی کی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمدبن راشد المکتوم اور مصری صدر عبد الفتاح السيسی سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے
امیر قطر کے خطاب کے بعد آتش بازی کا بھی مظاہر ہ کیا گیا اور مختصر مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی
یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، مصر، ترکیہ اور الجزائر کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر رہنما میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے قبل افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
12 برس قبل ورلڈ کپ کی میزبانی کا حق ملنے کے بعد سے قطر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
تارکین وطن اور ہم جنس پرست افراد کے حقوق سمیت شراب کی فروخت کے علاوہ قطر جتنے حجم والے ملک کی ورلڈ کپ کی میزبانی کی اہلیت پر پہلے روز سے سخت سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک روز قبل دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گیانی انفانٹینو نے قطر اور فیفا کا بھرپور دفاع کیا تھا، انہوں نے یورپ کے ماضی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ قطر پر سوال اٹھانے کا حق یورپ کو حاصل نہیں۔
البیت اسٹیڈیم کے اندر میدان کی طرف جانے والے ایکسپریس وے کے ساتھ بھی بہت سی نشستیں خالی تھیں، جہاں قطر کی ٹیم اپنے افتتاحی میچ کے لیے نمودار ہوئی تو خوشیاں بڑھ گئیں۔
اسٹیج پر کوریا کے بوائے بینڈ (بی ٹی ایس) کے گلوکار جنگ کوک نے قطر کے گلوکار فہد الکوبیسی کے ساتھ ٹورنامنٹ کا ایک نیا گانا پیش کیا۔
تاریخ کا سب سے مہنگا فٹ بال ورلڈکپ پہلی بار مشرق وسطیٰ میں منعقد ہوا ہے، قطر کے نرم طاقت کے دباؤ کا نتیجہ ہے، سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے ساڑھے تین سال بعد2021 میں بائیکاٹ ختم کیا تھا۔
قاہرہ اور ریاض کے مقابلے میں یو اے ای کے دوحہ کے ساتھ معاملات کی بحالی تھوڑی سست رہی، متحدہ عرب امارات نے نائب صدر کو قطر بھیجا ہے جو دبئی کے حکمراں بھی ہیں۔
تاریخ میں پہلی بار اسرائیل سے براہ راست کمرشل پرواز دوحہ میں اتری حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تعلقات نہیں ہیں، فیفا کی جانب سے معاہدہ کرایا گیا تاکہ فلسطینی اور اسرائیلی ٹورنامنٹ میں آ سکیں۔
خلیجی ریاستوں کے نائب وزیر اعظم خالد العطیہ نے سرکاری میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر برسوں کی محنت اور ٹھوس منصوبہ بندی کے ثمرات اٹھا رہا ہے۔
ڈنمارک اور جرمنی کی ٹیموں کے کپتان اپنے بازوں پر ’ون لو‘ پٹی پہنیں گے کیونکہ قطر میں ہم جنس پرستی پر غیرقانونی ہے۔
شائقین کی بڑی تعداد پہلے ہی قطر پہنچ چکی ہے لیکن صحیح معنوں میں رش ہفتے کے آخر میں ہونے کی توقع ہے۔
ہالینڈ سے تعلق رکھنے ولے ڈینئل اورڈٹ نے میڈیا کو بتایا کہ یہاں پر مسلسل دباؤ کا محسوس ہو رہا ہے کہ کوئی غلط بات نہ بول دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں تفریح کا ماحول نہیں ہے۔
ارجینٹیا سے تعلق رکھنے والے مداح سیزر نے ماحول کے بہترین ہونے کی توقع ظاہر کی ہے، اسٹڈیمز میں شراب کی فروخت پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ میچ سے قبل پی لیں گے۔
فیفا کے مطابق ورلڈکپ فٹبال میں اب تک تقریباً 30 لاکھ کے قریب ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں جس نے 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ کو پیچے چھوڑ دیا ہے
میگا ایونٹ عرب سرزمین پر پہلی با ر جبکہ ایشیا میں دوسری مرتبہ منعقد کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ کا پہلا معرکہ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایکواڈور نے قطر کو2-0 سے شکست دی۔
ورلڈ کپ میں کل32 ٹیمیں ٹرافی کے لیے مد مقابل آئیں گی۔
تمام ٹیموں کو چار چار کے 8 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے 5شہروں کے 8سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
فائنل 18دسمبر کو ہوگا۔