ozIstanbul

کسی قوم کے الحاق کے لئے ایسی کوششیں نہیں ہوئیں جس طرح اب کشمیر کے لیے ہو رہی ہیں، فواد حسین

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم نے کشمیر کے لئے چار جنگیں لڑی ہیں، دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی قوم کے الحاق کے لئے ایسی کوششیں کبھی نہیں ہوئیں جس طرح اب ہو رہی ہیں، بھارت کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے، پاکستان کبھی کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے اور رہے گا۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے جسم کا حصہ ہیں، ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ اور ان کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں،
کشمیریوں کے ساتھ ہمارے رشتے، ناطے ہیں اور وہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، ہم نے کشمیریوں کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، ہم کشمیر کے لئے اپنا تن من دھن لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی طاقت ان کے پیچھے کھڑی ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ بھارت میں اس وقت غالب آ چکا ہے، بھارت جان لے کہ ظلم و بربریت سے کشمیری قوم کا حق نہیں چھین سکتا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کبھی کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی کی قیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج صدر مملکت، وزیر خارجہ، کابینہ کے ارکان اور عوام اس ریلی میں کشمیری عوام کو یہ بتانے کے لئے موجود ہیں کہ ہم آپ کی پشت پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حقوق ہمارے لئے ہماری جانوں سے بھی زیادہ اہم ہیں۔ ہماری معیشت، خارجہ پالیسی کشمیر کے ارد گرد بنی ہےاور اسی جذبے کو آج بھی آگے لے کر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو یقین ہونا چاہئے کہ دنیا کی پانچویں بڑی قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے اور ان کی آزادی کے لئے آخری دم تک لڑے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پانچ اگست کے اقدام کو قبول کرنے کے حوالے سے بھارت کی خوش فہمی جلد ختم ہو جائے گی۔

پچھلا پڑھیں

پاکستان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی

اگلا پڑھیں

کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق ملنے تک آواز بلند کرتا رہوں گا، پاکستانی وزیراعظم

تبصرہ شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے