صدر ایردوان نے 11 سال بعد مصر کا دورہ کیا جس سے ترکیہ اور مصر کے مابین سفارتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا۔
قاہرہ میں مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے اتحادیہ پیلس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ صدر ایردوان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ترکیہ اور مصر کے قومی ترانے بجائے گئے۔

ملاقات کے دوران رہنماؤں نے دفاع، توانائی اور معیشت جیسے شعبوں پر زور دیتے ہوئے مختصر مدت میں دو طرفہ تجارت کو 15 بلین ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر ایردوان نے صدر سیسی کو اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کے لیے انقرہ بھی مدعو کیا جس سے انکے سفارتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے پریس کانفرنس میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ۔
مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر ایردوان نے امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے میں مصر کے تعاون کی تعریف بھی کی اور 700 سے زائد مسلمان بھائیوں کو علاج کے لیے ترکیہ منتقل کرنے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اجاگر کیا۔

مصر کے صدر سیسی نے صدر ایردوان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضرورت مندوں کو انسانی امداد پہنچانے میں مصر اور ترکیہ کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور اگلے پانچ سالوں میں تجارت کو 15 بلین ڈالر تک بڑھانے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
دریں اثناء خاتون اول امینہ ایردوان ،مصری خاتون اول انتیسار عامر کے ہمراہ اپنے مسلمان بھائیوں کے لیے امدادی مہم کا حصہ بنیں۔ ترک خاتون اول نے اپنی میٹنگ میں ،مشرقِ وسطٰی تنازعے کے نتیجے میں مصیبت زدہ بچوں کی نگہداشت کے لیے اپیل کی۔ ترکیہ کی جانب سے جنگ بندی تک یتیموں کی میزبانی کی جائے گی۔

صدر ایردوان کے دورہ مصر کے دوران سیاست ، سلامتی، تجارت اور ثقافت میں تعاون کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں صدر ایردوان نے متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کیا اور مستقبل کی حکومتوں کی تشکیل کے موضوع پر مبنی عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی۔
صدر ایردوان نے اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان اور اجلاس میں شریک ممالک کے سربراہان کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

صدر ایردوان کے متحدہ عرب امارات اور مصر کے دورے، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم اور خطے کے سفارتی منظر نامے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
