Turkiya-Logo-top

صدر رجب طیب ایردوان کا بڑا اعلان: نئی میٹرو لائنیں استنبول کی ٹریفک کا نقشہ بدل دیں گی

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ استنبول میں نئی میٹرو لائنوں کی تکمیل سے شہر کی بڑھتی ہوئی ٹریفک میں واضح کمی آئے گی اور لاکھوں شہریوں کو روزانہ کے سفر میں بڑی سہولت میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامی ناکامیوں کے باعث ٹریفک کئی شہریوں کے لیے ایک اذیت بن چکی ہے، لیکن حکومت جدید ٹرانسپورٹ منصوبوں کے ذریعے اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

صدر ایردوان کے مطابق سب سے زیادہ فائدہ ان ملازمت پیشہ افراد کو ہوگا جو روزانہ شدید ٹریفک جام میں پھنس کر گھنٹوں سڑکوں پر وقت گزارتے ہیں اور بعض اوقات دفتر بروقت پہنچنے کے لیے اپنی گاڑیوں میں ہی آرام کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "ہم استنبول کے عوام کو وہ معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شب و روز محنت کر رہے ہیں جن کے وہ مستحق ہیں۔”

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ آبادی اور سالانہ دو کروڑ کے قریب آنے والے سیاحوں اور زائرین کے حامل استنبول کو جدید ریلوے اور میٹرو نیٹ ورک سے جوڑا جا رہا ہے، تاکہ دنیا کے اس عظیم شہر میں سفر کو تیز، محفوظ اور آرام دہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت استنبول کے مستقبل کو مضبوط انفراسٹرکچر اور جدید عوامی نقل و حمل کے نظام کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Read Previous

ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات، اسلام آباد کی ترقی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

Read Next

پرانی دھنیں، نیا انداز — FOLK” البم نے موسیقی کی دنیا میں نیا رجحان قائم کر دیا

Leave a Reply