
ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ یاسین اکریم سیریم نے کہا کہ 14 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے 1.8 ملین سے زیادہ ترک ووٹرز نے بیرون ملک اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے انتخابات کے مقابلے میں اس سال بیرون ملک مقیم ترک شہریوں کی ریکارڈ تعداد نے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم تمام ترک افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشن کا رخ کیا ۔ نائب وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک ترک سفارت خانوں اور نمائندہ دفاتر میں کھولے گئے بیلٹ بکسوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ جبکہ بیرون ملک میں ڈالے گئے ووٹ سفارتی کوریئرز کے ذریعے سخت حفاظتی اقدامات کے ذریعے ترکیہ لائے گئےہیں ، انہوں نے کہاکہ ووٹنگ کسٹم گیٹس پر 14 مئی تک شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
27 اپریل کو بیرون ملک ووٹنگ شروع ہونے کے بعد سے، 1,817,010 لوگوں نے بیرون ملک ترک سفارتی مشنز اور کسٹم گیٹس پر رات 11 بجے تک ووٹ ڈالے۔ یہ بیرون ملک تمام ووٹرز کے 53.18% (3,416,150) کے مساوی ہے۔
73 ممالک میں مقیم ترک شہریوں نے 151 نمائندہ دفاتر اور 16 مراکز میں اپنا ووٹ ڈالا۔ 2012 میں قانون سازی میں کی گئی قانونی ترمیم کی بدولت بیرون ملک مقیم ترک شہری ترکی میں ہونے والے انتخابات اور ریفرنڈم میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
ترکیہ میں انتخابات اتوار14 مئی کو ہوں گے۔ صدارتی بیلٹ پر رائے دہندگان صدر رجب طیب ایردوان، کما ل کلچدار اوغلو، محرم انجے، اوسینان اوغان میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔
دریں اثنا، 600 رکنی ترک پارلیمنٹ میں 24 سیاسی جماعتیں اور 151 آزاد امیدوار نشستوں کے لیے میدان میں ہیں۔
بیرون ملک بیلٹس کو سفارتی کوریئرز اور سپریم الیکشن کونسل (YSK) کے ذریعے طے شدہ طریقوں کے ذریعے ترکیہ میں لایا جا رہا ہے تاکہ دارالحکومت انقرہ میں زیادہ سے زیادہ حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
تمام ووٹوں کی گنتی ڈائریکٹوریٹ آف فارن پراونشل الیکشن کونسل کی نگرانی میں الیکشن مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی ۔ صدارتی انتخابات میں، بیرون ملک ڈالے گئے ووٹ براہِ راست امیدواروں کو ترکیہ میں حاصل کیے گئے ووٹوں کے کل فیصد میں اضافہ کرتے ہیں۔
پارلیمانی انتخابات میں، بیرون ملک ووٹوں کو ہر صوبے میں ووٹروں کی تعداد اور بیلٹ پارٹیوں کو موصول ہونے والے ووٹوں کی تعداد کے مطابق ملک بھر کے حلقوں میں متناسب طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔