
زمین سے محبت کے اظہار کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جائے گا، دنیا بھر میں رات کو 8 بجے روشنیاں ایک گھنٹے کے لیے بجھا دی جائیں گی۔
پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک میں آج رات مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے سے رات ساڑھے 9 بجے تک ارتھ آور منایا جائے گا۔
ایک گھنٹے کے دوران تمام اضافی لائٹس اور برقی آلات بند کر دیئے جائیں گے تاکہ کرہ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گوتریس نے تمام ممالک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں کی روشنیاں ایک گھنٹے کے لیے بجھا دیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنا ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ زمین کو محفوظ رکھنے، امن قائم کرنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر کلائیمٹ ایکشن کو فروغ دینے کی کال دیتا ہوں، ہم سب زمین کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر منٹ اور ہر گھنٹے قیمتی ہے، میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ جہاں بھی ہیں اپنے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 30 منٹ پر ایک گھنٹے کے لیے لائٹیں بند کریں
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ارتھ آور پر پیغام جاری کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات سے متعلق اپنے ذمہ داریوں کے عزم کا مظاہرہ کرنے کے لیے ارتھ آور مہم کا حصہ بنے گا، زمین کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے بُرے اثرات سے بچانا ہم سے کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں ہر شخص اہمیت کا حامل ہے۔