Turkiya-Logo-top

ترکیہ کی دفاعی صنعت کا تاریخی سنگ میل سپین نے 30 حر جیٹ حاصل کرنے کے لیے 2.6 بلین یورو مالیت کا معاہدہ کر لیا

انقرہ / میڈرڈ —
ترکیہ کی دفاعی صنعت کے لیے ایک بڑی اور واضح پیش رفت سامنے آ گئی ہے، اسپین اور ترکیہ کے درمیان ترک ساختہ حر جیٹ (HÜRJET) طیاروں کے حصول کی ڈیل طے پا گئی ہے۔ ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت اسپین کی فضائیہ 30 حر جیٹ طیارے حاصل کرے گی جبکہ اس ڈیل کی مجموعی مالیت تقریباً 2.6 ارب یورو بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ معاہدہ صرف طیاروں کی خریداری تک محدود نہیں بلکہ اس میں مکمل تربیتی پیکج شامل ہے، جس میں پائلٹس اور گراؤنڈ کریو کی تربیت، فلائٹ سمیولیٹرز، تکنیکی معاونت، اسپیئر پارٹس اور طویل المدتی لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہوگی۔ اس طرح یہ ڈیل ترکیہ کی دفاعی برآمدات میں ہائی ویلیو پیکیج کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
حر جیٹ ترکیہ کا پہلا ملکی ساختہ جدید جیٹ ٹرینر اور لائٹ کمبیٹ ایئرکرافٹ ہے، جسے ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (TUSAŞ) نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ جدید ایویونکس، سپرسونک رفتار، کم آپریشنل لاگت اور پانچویں نسل کے جنگی طیاروں کی تربیت کے لیے موزوں صلاحیتوں کا حامل ہے، جس کے باعث نیٹو ممالک میں اس کی مانگ بڑھ رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اسپین جیسے یورپی یونین اور نیٹو رکن ملک کا حر جیٹ کا انتخاب کرنا ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت حر جیٹ طیاروں کی فراہمی 2028 کے بعد مرحلہ وار شروع ہونے کا امکان ہے۔
یہ ڈیل نہ صرف ترکیہ کے لیے ایک بڑی دفاعی برآمدی کامیابی ہے بلکہ اسے یورپی دفاعی منڈی میں ترکیہ کی مضبوط انٹری کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جو مستقبل میں دیگر یورپی ممالک کے ساتھ اسی نوعیت کے معاہدوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

Read Previous

ترکیہ کے مرکزی بینک نے 2026 کی مانیٹری پالیسی جاری کر دی، مہنگائی کے 5 فیصد ہدف کو ترجیح دی گئی

Read Next

ترکیہ کے ایجوکیشن کونسلر ڈاکٹر مہمت تویران کی ‘ترکیہ۔پاکستان دوستی’ نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت

Leave a Reply