ترکیہ کے دفاعی اور ہوابازی کے شعبے نے اس سال غیر معمولی ترقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومبر 2025 تک اپنی برآمدات 7.45 ارب ڈالر تک پہنچا دی ہیں۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف 2024 کی مکمل سالانہ برآمدات سے زیادہ ہیں بلکہ رواں سال کے اختتام تک شعبے کی ریکارڈ ترقی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ کارکردگی 2020 کے مقابلے میں 2.5 گُنا اضافہ ظاہر کرتی ہے، جو ترکیہ کی دفاعی صنعت کی تیز رفتار خود کفالت، تکنیکی جدت اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی، اسمارٹ ہتھیاروں، جدید الیکٹرانکس، جہاز رانی اور ایویونکس میں مسلسل سرمایہ کاری نے ترکیہ کو دنیا کی تیزی سے ابھرتی دفاعی برآمدی طاقتوں میں شامل کر دیا ہے۔
ترکیہ کی دفاعی مصنوعات مشرقِ وسطیٰ، ایشیا، افریقہ اور یورپی منڈیوں میں مسلسل اپنی جگہ بنا رہی ہیں، جبکہ کئی نئے اسٹریٹیجک معاہدے آئندہ مہینوں میں مزید برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس رفتار کے ساتھ، سال 2025 ترکیہ کی دفاعی صنعت کے لیے تاریخی سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
