ترکیہ کے شمال مغربی صوبے میں شدید بارشوں کے بعد منگل کو آنے والے سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
ترک ٹیموں کو 53 سالہ ریٹائرڈ استاد احمد باکی سمسیک کی لاش ملی ہے،جو سیلاب میں لاپتہ ہو گئے تھے۔
انکی لاش اس علاقے سے ملی جہاں ان کی گاڑی بھی موجود تھی۔ سمسیک آخری لاپتہ شخص تھے جنہیں خطے میں شدید بارشوں کے بعد تلاش کیا گیا تھا۔
منگل کے روز، علاقے میں سیلاب کے بعد 16 افراد کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، اور ٹیموں نے جنگل کے علاقے میں پھنسے ہوئے 10 افراد کو بچا لیا۔
راحیل سمسیک اور سنا دومان کی لاشیں منگل کو ملی تھیں، جبکہ بدھ کے روز امت سولماز، سیلمان اور مہریبن بیگسلر کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
شدید بارشوں نے ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کو بھی متاثر کیا جہاں Basaksehir اور Kucukcekmece اضلاع میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
