تہران : پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے اہم دورے کے دوران صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی اسپیکر نے واضح کیا کہ امریکا کو ایران کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے تہران کی پیش کردہ سات شرائط پوری کرنا ہوں گی، جن میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور تیل کی برآمدات پر پابندیاں ختم کرنا بھی شامل ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ پاکستان کی ثالثی سے جون میں طے پانے والا عبوری امن معاہدہ بھی دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد برقرار نہیں رہ سکا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانا، باہمی تعاون بڑھانا اور علاقائی معاملات پر مشاورت کرنا ہے۔
