Turkiya-Logo-top

دہشتگردوں سے جھڑپیں ، پاک فوج کے بریگیڈیئر مصطفیٰ برکی اور 3 جوان شہید

جنوبی وزیرستان، انگوراڈا میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں انٹرسروسز انٹیلیجنس کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انگور اڈا کے مقام پر دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں 7 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی اہلکاروں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی جنوبی وزیرستان میں آپریشن کو لیڈ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔

شہید بریگیڈیئر برکی نے اے پی ایس حملے میں ملوث دہشتگردوں کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا۔

بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے 12 اکتوبر 1995 کو فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

بریگیڈیئر برکی کے سوگواران میں، اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ضلع ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو بند کر دیا۔

فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھیرے میں لے لیا گیا ۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد اظہر اقبال (عمر 42 سال سکنہ لودھراں)، نائیک محمد اسد (عمر 34 سال سکنہ خانیوال) اور سپاہی محمد عیسیٰ (عمر 22 سال سکنہ جنوبی وزیرستان) نے بہادری سے شہادت کو گلے لگا لیا۔
علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں ۔

Read Previous

اسرائیل نے شام کے ہوائی اڈے پر میزائل داغ دیے

Read Next

صدر ایردوان کی دارالحکومت انقرہ میں عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی سے ملاقات

Leave a Reply