
چغتائی آرٹ ایوارڈز 2022 کی تقسیم انعامات کی تقریب آج ادانا میں منعقد ہوئی۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور گورنر ادانا ڈاکٹر سلیمان البان نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں ادانا میں پاکستان کے سرمایہ کاری کے اعزازی مشیر مسٹر ایرکان ارسلان، پاکستانی سفیر اور پراونشل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل ایجوکیشن، ادان کے حکام، طلبات، انکے والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے۔
معروف پاکستانی فنکار عبدالرحمن چغتائی کے نام سے منسوب، پاکستانی سفارتخانہ 2011 سے ترکیہ میں ہائی اسکول کے طلباء کے درمیان چغتائی آرٹ ایوارڈز کا مقابلہ منعقد کروا رہا ہے۔
2022 میں یہ مقابلہ ادانا میں ترک-پاک سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے زیرِ عنوان منعقد کیا گیا تھا۔
دونوں ممالک نے 30 نومبر 2022 کو سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی تھی۔
اس سے قبل انقرہ، قونیا، برصا اور بلتیس میں مقابلہ کامیابی سے منعقد کیا جا چکا ہے۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا تھا کہ ترکیہ پاکستان کا رشتہ ثقافتی ، مذہبی، سیاسی اور روحانی ورثے سے جڑا ہوا ہے۔
ایسے بہت سے واقعات ہیں جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کیلیے کھڑے رہے ہیں۔
چاہے وہ ترک قبرص کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہو یا ترکیہ کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت میں عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔ ہمارے بھائی چارے کی عکاسی کرتے واقعات کی فہرست طویل ہے۔
ڈاکٹر یوسف جنید نے حصہ لینے والے طلبات کی تخلیقی صلاحیتوں، ہنر اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباء کی جانب سے اپنی پینٹنگز میں پاکستان ترک بھائی چارے کی متاثر کن عکاسی کو دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ہماری نوجوان نسل اس مثالی دوستی کی قدر کرتی ہے۔
تقرب میں طلباء نے اپنی پینٹگز نمائش کے لیے پیش کیں ۔
جیتنے والے طلبات کے درمیان ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔