ترک صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ ماہرین کے مطابق کینال استنبول بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے باسفورس کے مقابلے میں 13 گنا زیادہ محفوظ ہو گی۔
صدر ایردوان نے لائبریری ٹاکس کے سلسلے کی تیسری میٹنگ میں ملت کتب خانے میں پی ایچ ڈی کے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے سوالات کا جواب دیا۔
کینال استنبول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ باسفورس کسی بھی وقت ماحولیات کے لئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے باسفورس میں خاصکر موڑ کاٹتے وقت بحری جہازوں کو بعض اوقات شدید دِقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
آبنائے استنبول میں اس سے قبل پیش آنے والے حادثات کی مثال پیش کرتے ہوئے صدر ایردوان نے بتایا کہ ان آفات سے سبق سیکھنا چاہئے۔ خاص طور پر باسفورس ، جس کے ذریعے سالانہ 45 ہزار جہاز گزرتے ہیں، اس میں مزید ٹریفک کا اضافہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ اندازوں کے مطابق سنہ 2050 میں یہ تعداد 78 ہزار تک پہنچ جائے گی، اور ٹریفک میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہےکہ باسفورس کی بحفاظت شپ ٹرانزٹ کی گنجائش صرف 25 ہزار ہے۔ چونکہ ہم باسفورس کو جہازوں کے گزرنے کے لئے بند نہیں کرتے، اب ہمارے پاس بڑھتی ٹریفک پر قابوپانے کا صرف ایک ہی راستہ تھا جوکہ کینال استنبول ہے۔‘‘
