پاکستان میں موجود آذربائیجان کے سفارتخانے میں آذربائیجان کے یومِ فتح کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حُسین پیرزادہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔
تقریب میں پاکستان کے اراکینِ پارلیمنٹ، اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفارتکار، کاروباری تنظیموں کے نمائندے ، سول و عسکری حکام، صحافیوں اور پاکستان میں مقیم آذربائیجان کے شہریوں نے شِرکت کی۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے یومِ فتح کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ دِن آرمینی افواج سے اپنے علاقے واپس لینے اور آذربائیجان کی فتح کا دِن ہے، جِسے ہر سال 8 نومبر کو منایا جاتا ہے۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ "دوسری کاراباخ جنگ میں پاکستان کی اعلٰی قیادت کی جانب آذربائیجان کے اصولی مؤقف کی حمایت نے دونوں ممالک کی دوستی کو اور بھی مستحکم کیا۔” سفیر خضر فرہادوف نے دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے تجارتی ، دفاعی اور اقتصادی تعلقات کو بھی بیان کیا۔
اُنہوں نے آذربائیجان میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 29 میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کو شرکت کی دعوت بھی دی۔
پاکستان کے وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حُسین پیرزادہ نے آذربائیجان کو یومِ فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "آذربائیجان اور پاکستان کے دو برادر ممالک ہیں، اُمید کرتا ہوں ہمارے تعلقات میں دِن بدن بہتری آئے گی۔”
تقریب کے اختتام پر آذربائیجان کی یومِ فتح کا کیک کاٹا گیا ۔