
پاکستانی سفارتخانہ انقرہ میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب جوش اور حب الوطنی کے ساتھ منائی گئی۔
تقریب میں مسلح افواج اور شہداء کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران اپنے وطن کا دفاع کیا جب ہندوستانی افواج نے بین الاقوامی سرحدوں کو عبور کیا تھا۔
تقریب میں ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات اور ترک جنرل اسٹاف جنرل متین گیوراک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے 6 ستمبر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کے لیے قربانی دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، انہیں ہر گز طاقت سے شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
سفیر نے علاقائی امن، عالمی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ترک جنرل اسٹاف (ٹی جی ایس) کے جنرل متین گیوراک نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان کا یوم دفاع، جو ہر سال 6 ستمبر کو منایا جاتا ہے، 1965 کی جنگ کے دوران مسلح افواج کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جو قوم کے غیر متزلزل عزم اور قربانی کے جذبے کی علامت ہے۔
تقریب میں ترکیہ کے اعلیٰ حکام، سفیر، دفاع ، ملٹری، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔